محمد عجیب کو برطانیہ میں پہلے برٹش پاکستانی مسلم لارڈ میئر ہونے کا اعزاز حاصل ہے

محمد عجیب نے برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کا لارڈ میئر بن کر تاریخ رقم کی۔ وہ پہلے ایشیائی، سیاہ فام، برٹش، پاکستانی، مسلم تھے جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔محمد عجیب 1985 میں جب لارڈ میئر بنے تو اس وقت نہ صرف برطانیہ میں بسنے والی ایشیائی کیمونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی بلکہ پاکستان میں بھی بہت خوشیاں منائی گئیں۔

لارڈ میئر بننے کے بعد جب وہ پہلی بار پاکستان گئے تو انھیں حکومت پاکستان کی طرف سے ہیڈ آف سٹیٹ کی سطح کا پرٹوکول دیا گیا۔ صدر پاکستان جنرل ضیاء الحق نے ایوانِ صدر میں انکے لئے خاص تقریب کا اہتمام کیا۔ اس وقت پاکستان کے وزیر اعظم محمد خان جونیجو اور لارڈ مئیر محمد عجیب کی ملاقات کی تصاویر پاکستان بھر کے اخبارات میں شائع ہوئیں۔ لاہور کے شالامار باغ میں انھیں اہلیان لاہور کی جانب سے بہت بڑا استقبالیہ دیا گیا۔ پاکستانی اخبارات اور ٹی وی نے انھیں نمایاں کوریج دی۔

پاکستانی عوام نے لارڈ میئر محمد عجیب سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا۔

محمد عجیب آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل ڈڈیال کے ایک گاؤں چھترو میں 1938 میں پیدا ہوئے۔ محمد عجیب نے ہمیں بتایا کہ ان کے والد ایک غریب مزدور تھے جن کی روزانہ اجرت دو سے تین روپے تھی۔

انھوں نے ڈڈیال ہائی سکول سے میٹرک تک تعلیم حاصل کی اور ان کے اپنے بقول مزید تعلیم کے لیے وسائل نہ ہونے کے باعث وہ اپنے چچا کے پاس کراچی چلے گئے جہاں کراچی یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی۔ وہ 19 سال کی عمر میں برطانیہ آ گئے اور ناٹنگھم میں سکونت اختیار کی جہاں وہ ایک صابن بنانے والی فیکٹری میں ملازمت کرتے رہے۔ بعد میں برٹش ریل میں ملازمت اختیار کی اور ٹریڈیونین میں سرگرم ہو گئے۔

محمد عجیب کا کہنا ہے کہ ٹریڈ یونین کا یہی سفر انھیں لیبر پارٹی میں لے آیا اور لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر ہی وہ بریڈفورڈ کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ نسلی امتیاز کے خلاف کام کرنے والے اداروں میں بھی سرگرم رہے۔

محمد عجیب نے بتایا کہ 1990 میں بریڈفورڈ نارتھ سے لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مسٹر پیٹ وال کینسر کی وجہ سے انتقال کر گئے۔
انتخاب میں اسی حلقے سے محمد عجیب کا نام بھی اس لسٹ میں شامل تھا جس میں سے حتمی امیدوار کو چنا جانا تھا۔ قسمت نے ساتھ نہ دیا اور وہ ایک ووٹ سے اس مقابلے سے باہر ہو گئے۔

محمد عجیب جب پہلی بار 1974 میں کونسلر منتخب ہوئے تو اس وقت تک برطانیہ میں وہ دوسرے پاکستانی اور تیسرے ایشیائی کونسلر تھے۔

محمد عجیب کو ملکہ برطانیہ کی جانب سے CBE کمانڈ آف برٹش ایمپائر کا اعزاز حاصل ہے۔
اسکے علاوہ 2009 میں برطانوی پارلیمنٹ میں ان کی سیاسی اور رفاہی خدمات کے صلے میں لائف ٹائم اٹیچمنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں