زمان پارک میں پولیس کاگرینڈ آپریشن ، پی ٹی آئی کے متعدد کارکن گرفتار،اسلحہ برآمد

لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد پولیس زمان پارک میں واقع ان کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی، اس دوران سرچ آپریشن میں متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیاگیا ۔ پولیس کی بھاری نفری نے زمان پارک پہنچنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردیں ۔پولیس کیجانب سے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ پولیس نے پی ٹی آئی کے 15 سے زائد کارکنوں کوبھی حراست میں لے لیا، عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مورچوں اور تجاوزات کو بھی ہٹادیا گیاہے ۔ پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔ پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔ عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے 6کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیاجائے گا۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ میں اس وقت صرف ان کی اہلیہ بشری بی بی اور ملازمین موجود ہیں۔
چار ایس پیز اینٹی رائٹ فورس کو لیڈ کررہے ہیں جبکہ پولیس کے ایک ہزار جوان آپریشن میں شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے زمان پارک میں موجود کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، عمران خان کی رہائش گاہ سے پیٹرول بم بنانے والی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں اور غلیلیں اورکنچے بھی ملے ہیں ۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ سے چند رائفلیں اور 5 کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک پیغام میں کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے مذموم عزائم کے باجود میں اسلام آباد اور عدالت کی جانب جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔پولیس کے زمان پارک میں آپریشن پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم جو ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں چادر اور چاردیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں گھس گئی ہے، انہیں کسی عدالت کسی قانون کی پرواہ نہیں ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں