حکومت گراؤ مشن، نون لیگ کے لانگ مارچ کا آج لاہور سے آغاز

لاہور حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں نون لیگ آج لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کرے گی جس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہبازکریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، لیگی کارکنوں کا دو بجے ماڈل ٹاؤن سے روانگی کا پلان ہے۔

شہر بھر میں لانگ مارچ کے حوالے سےبینرز آویزاں کر دئے گئےہیں، شاہدرہ، اسلامپورہ، فیروزپور روڈ، ٹھوکرنیازبیگ، باغبانپوری، سلطان پورہ، شاد باغ سمیت مختلف مقامات پر لانگ مارچ کے بینرزآویزاں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما اپنےحلقوں سے ریلیوں کی صورت میں تین مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں۔ شہر کے زیادہ تر رہنما اور ارکان اسمبلی کومسلم لیگ ن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عوام سے مہنگائی مکاؤ مارچ میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مزدوروں ،کسانوں ، طالب علموں اور محنت کشوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا مہنگائی مارچ عوام کا نالائق نااہل چور ٹولے کیخلاف عدم اعتماد ثابت ہو گا۔ مہنگائی مکاؤ مارچ ضمیر فروشوں سے نجات کا دن ہے،فیصلہ کن گھڑی آ گئی ہے عوام کو حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیٹ بیلٹ باندھ لو جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے: مریم نواز

دوسری جانب، جمعیت علمائے اسلام ف کا مہنگائی مارچ پنجاب میں رواں دواں ہے، ڈیرہ اسماعیل خان سے مہنگائی مارچ کے قافلے آج اسلام آباد کےلیے روانہ ہوں گے۔

سندھ سے مارچ کےقافلے مولانا راشد سومرو کی قیادت میں سندھ سے پنجاب میں داخل ہوگئے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے مہنگائی مارچ کے قافلے سندھ سے پنجاب کےمختلف شہروں کی جانب گامزن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں