بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، 24 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ہرنائی میں متعدد گھر زمین بوس ہوگئے، ملبے تلے دب کر 24 سے زائد لوگ جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔زلزلے سے ہرنائی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ملبے تلے دب کر متعدد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔وزیر داخلہ بلوچستان ضیالانگو کے مطابق شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ زلزلے کے بعد ایف سی، لیویز اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔
زلزلے کے بعد ہرنائی سنجاوی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ڈی سی ہرنائی کے مطابق زلزلے کے باعث سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کنٹرول روم ہرنائی سمیت صوبے کے تمام اضلاع سے رابطے میں ہے۔قبل ازیں ہرنائی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خوراک و شیلٹر کا سامان پہنچا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف اپنے ساتھ ضروری ادویات لے کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں، ضروری طبی سہولیات کے لئے شہری انتظامیہ کی معاونت کی جا رہی ہے، شدید زخمی 9 افراد کو آرمی ہیلی کاپٹرز پر کوئٹہ پہنچایا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ بھی ہرنائی پہنچ چکے ہیں، وہ نقصانات اور ریسپانس کا خود جائزہ لے رہے ہیں، راولپنڈی سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو موقع پر بھیجا جا رہا ہے، یہ ٹیم ریسکیو کے کاموں کی رفتار کو تیز بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں